پاکستان اور چین آئرن برادر ہیں، قومی خودمختاری،علاقائی سالمیت کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں: چینی سفیر

May 21, 2020 | 13:30

ویب ڈیسک

اسلام آباد:  پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاو جنگ نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 69ویں سالگرہ پر کہا ہے پاکستان اور چین آئرن برادر ہیں،‏دونوں ممالک گزشتہ 7 دہائیوں سے قومی خودمختاری،علاقائی سالمیت کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاو جنگ نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 69ویں سالگرہ پر ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں چینی سفیر یاو جنگ نے کہا کہ آج 21 مئی کو پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کو 69 سال ہو گئے ہیں۔ پاکستان اور چین آئرن برادر ہیں اور دونوں ممالک اپنی عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان اور چین علاقائی امن و ترقی کے فروغ کے لئے بھی ساتھ کام کر رہے ہیں اور گزشتہ 7 دہائیوں سے قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام دو طرفہ ترقی کے لیے باہمی تعاون میں ایک دوسرے کے مددگار رہے ہیں۔

چینی سفیر کا اپنے ویڈیو بیان میں مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مثالی ہیں۔ ہم ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور انصاف کو برقرار رکھتے ہیں۔ ہم اپنے عوام اور خطے کے مفاد کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین کا رشتہ عالمی برادری کے لیے بھی مثالی ہے کیونکہ اس کی بنیاد باہمی احترام اور مشترکہ ترقی پر مبنی ہے۔سی پیک دونوں ممالک کی معیشتوں کے مابین تعاون اور خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

چینی سفیر یاو جنگ نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف دونوں ممالک مل کر لڑائی لڑ رہے ہیں۔ جب چین میں کرونا وائرس آیا تو پاکستان نے چین کی مدد کی۔ کرونا کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے۔ دونوں ممالک اور عالمی برادری مل کر اس وبا کو شکست دے سکتے ہیں۔

مزیدخبریں