بھارت مزید 3880 ہلاک مودی کی مقبولیت کم ترین سطح پر 

May 21, 2021

نئی دہلی(آئی این پی ) بھارت میں کرونا سے تباہی پھیل گئی۔ مزید 3 ہزار 880 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ کرونا بحران میں بدترین کارکردگی پر مودی کی مقبولیت 2019ء کے بعد سے کم ترین سطح پر آگئی۔  بھارت میں ایک روز میں مزید 2 لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ مہلک وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ہندوستان کی 22 ریاستوں میں مثبت کیسز کی شرح پندرہ فیصد سے اوپر ہے۔ دوسری لہر کے دوران ڈھائی سو کے قریب ڈاکٹرز بھی جان سے جا چکے ہیں۔ کرونا وبا مودی سرکار کو بھی لے ڈوبی، حکومت کی بدترین کارکردگی پر مودی کی مقبولیت 2019ء کے بعد سے کم ترین شرح پر آگئی ہے۔ عوام مناسب سہولیات نہ ملنے کا قصور وار نریندرا مودی کو ٹھہرانے لگے ہیں۔ بھارتی عوام نعشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے۔ حکام عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ بھارت میں کووڈ 19 کے مریضوں میں بلیک فنگس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا۔ دلی میں بلیک فنگس کے 200 سے زائد اور مہاراشٹر میں 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے۔ بھارت میں بلیک فنگس کا شکار ہونے والے نصف سے زائد افراد کی اموات ہو چکی ہیں۔ دلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ بلیک فنگس کے کیسز سے نمٹنے کیلئے تین ہسپتالوں میں خصوصی وارڈز بنائے جائیں گے۔ بھارتی حکام نے بلیک فنگس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد نہیں بتائی۔ کچھ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کرونا مریضوں میں سٹیرائڈز کے زیادہ استعمال سے بلیک فنگس کیسز بڑھے ہیں۔

مزیدخبریں