کراچی(صباح نیوز)سندھ ٹاسک فورس کی جانب سے صوبہ سندھ میں کورونا کے حوالے سے بندشیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدات کورونا وائرس کے صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کور فائیو، رینجرز اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ اگر سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی شرح کم ہوئی تو نرمی کی جائے گی اور اگر کیسز بڑھ گئے تو مزید سختی کرنا پڑے گی۔اجلاس میں طے پایا ہے کہ ہفتہ کو ٹاسک فورس کا دوبارہ اجلاس ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ نے ٹاسک فورس کے ممبران کو ہدایت کی ہے کہ صورتحال کا جائزہ لے کر مزید اقدامات کے لیے اپنی تجاویز دیں، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے بھی ہفتہ کے دن اجلاس میں اپنی سفارشات دیں گے۔دوسری جانب ہونے والے اجلاس کے دوران ٹاسک فورس کے ممبران اور ماہرین کی جانب سے وزیراعلی سندھ کو موجودہ بندش کو جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا ۔ٹاسک فورس کی جانب سے مشورہ دیا گیا کہ ہو سکے تو مزید سخت فیصلے کریں۔اس دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں صوبے میں نرمی کرنا مشکل ہوتا ہوا لگ رہا ہے۔