انتخابی عمل کی شفافیت کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد تیارکی جائے،صدر مملکت

May 21, 2021

 اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابی عمل کی مجموعی کارکردگی اور شفافیت یقینی بنانے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی انتخابی عمل آسان اور اس پر عوام کا اعتماد بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے، متعلقہ ادارے ووٹنگ مشین کی جلد تیاری کیلئے ٹائم لائنز طے کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلویز سینیٹر محمد اعظم خان سواتی، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ندیم ارشاد کیانی، قائمقام چئیرمین نادرا خالد لطیف، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی الیکشن کمیشن آف پاکستان خضر عزیز اور دیگر متعلقہ سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مقامی طور پر تیار کردہ جدید سیکورٹی خصوصیات کی حامل ووٹنگ مشین کی تیاری کے سلسلے میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت انٹر پرینیورز کو مسابقتی اور شفاف کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے ، پائیدار معیشت کے قیام کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں،وفاقی حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود تاجر برادری کو 1.2کھرب کا پیکج دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے  صدرمیاں نصیر حیات ماگو کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نیمالی مشکلات کے باوجود تاجر برادری کو 1.2 کھرب روپے کا مالیاتی محرک پیکیج فراہم کیاہے۔کورونا کے دوران احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت  1.5 کروڑ خاندانوں کی مالی امداد کی گئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت خواتین اور معذور افراد کی معاشی خودمختاری پر بھی توجہ مرکوز کررہی ہے ،حکومت خواتین اور معذور افراد کو 5 فیصد مارک اپ پر قرض فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ،تاجرٹیکس ادا کریں تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے مزید رقوم مختص کی جاسکیں۔وفد نے صدر کو تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ اعلامیہ کے مطابق وفد نے ٹیکس ادائیگی طریقہ کار مزید آسان بنانے اور موزوں کاروباری ماحول فراہم کرنے سے متعلق تجاویز پیش کیں۔صدر مملکت نے تاجر برادری کو مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزیدخبریں