تبدیلی کا جنازہ کسی بھی لمحے اٹھنے کو ہے: سراج الحق 

May 21, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے تمام دعوئوں اور وعدوں کے برعکس مہنگائی کا جن عوام کا سب کچھ نگل گیا۔ ملک کا اسی فیصد طبقہ بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے۔ پی ٹی آئی سے نہ معیشت ٹھیک ہوئی ہے نہ گورننس میں بہتری آئی ہے۔ گزشتہ ڈھائی تین برسوں میں حکومت نے کوئی میگا پراجیکٹس متعارف نہیں کروایا۔ مافیاز پیسے بنا رہے ہیں اور کرپشن ہے کہ وزیراعظم کے دعوئوں کا منہ چڑا رہی ہے۔ مدینہ ریاست بنانے والوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک بھی ڈھنگ کا کام نہیں کیا۔ حکمران جماعت میں توڑ پھوڑ جاری ہے۔ وزیر مشیر سکینڈلز کی زد میں ہیں۔ اپنے اپنے دفاع میں مصروف لوگ عوام کو کیا دیں گے اور ملک کو کیا سنواریں گے۔ تبدیلی کا جنازہ بھی کسی ہی لمحے اٹھنے کو ہے۔ نظام کو بدلناہو گا۔ چہرے بدل بدل کر حکمرانی کے مزے لوٹنے والوں کے چل چلاؤ کا وقت آن پہنچا۔ جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان بنانے اور معیشت اور صحت اور تعلیم کے سیکٹرز میں انقلاب لانے کی مکمل استطاعت رکھتی ہے۔ نوجوانوں سے خصوصی اپیل کرتا ہوں کہ وہ مایوسی کو قریب نہ بھٹکنے دیں اورملک میں شاندار اسلامی انقلاب کے لئے تگ و دوکریں۔ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی لائے گی۔ اس امید کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اسلامی تحریک سے وابستہ مختلف افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایت ہے اور پاکستانی قوم دنیا کی عظیم قوم ہے۔ ملک مکمل طور پر قرضوں کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے۔ ادارے تباہی کے دہانے پر ہیں۔ اور اب ان سے مکمل طور پر جان چھڑانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ جو شخص یہ دعویٰ کرتا تھا کہ سٹیل مل، پی آئی اے اور دیگر اداروں کو ٹھیک کریں گے اب اس کی حکومت پرائیویٹائزیشن کا سب سے زیادہ پرچار کر رہی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ لوگ لٹیروں اور ظالموں کو پہچانیں اور ان کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

مزیدخبریں