لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ایشیا کی سب سے بڑی وکلاء بار کے حامل شہر لاہور میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی انتخابی مہم کا آغاز ہو گیا۔ گذشتہ روز عاصمہ جہانگیر کے انڈیپینڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار احسن بھون ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک غیر رسمی ٹی پارٹی کا اہتمام کیا جس میں سینئر وکیل و (ن) لیگ کے نو منتخب سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، لاہور ہائی کورٹ بار کے سیکرٹری خواجہ محسن، لاہور بار کے صدر ملک سرود احمد، منیر احمد خاں، پیر مسعود چشتی، حافظ انصارالحق ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، طاہر نصراللہ وڑائچ، اصغر گل، حفیظ الرحمان چودھری، سمیت درجنوں وکلا نے شرکت کی۔ اس موقع پر احسن بھون نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ انکے منشور میں وکلاء کی فلاح و بہبود کے کام ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کے لئے رہائشی کالونی کا قیام سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا متحد ہیں ان میں کسی قسم کی سیاسی بنیادوں یا برادری ازم کی کوئی تفریق نہیں ہے۔ انہوں نے نہتے فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کی اور کہا کہ انسانی حقوق کے علمبردار اب خاموش کیوں ہیں۔