اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) مختلف وزارتوں اور اداروں کی حساس معلومات لیک ہونے کے انکشاف کے بعد وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزراتیں اور ادارے سائبر سیکورٹی اقدامات پر عمل درآمد کرنے میں ناکام ہیں جس کی وجہ سے حساس معلومات لیک ہو رہی ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلے کے مطابق وزارتوں اور اداروں نے سائبر سکیورٹی اقدامات پر عمل نہیں کیا جس کے نتیجے میں حساس معلومات لیک ہورہی ہیں، مراسلہ میں سائبر سکیورٹی اقدامات پر عمل نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے اس کے علاوہ سائبر سکیورٹی اقدامات سے متعلق متعدد ایڈوائزریز اور گائیڈ لائنز جاری کی گئیں لیکن عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ مراسلے میں تمام اداروں میں تربیت یافتہ سائبر سکیورٹی آفیسرز تعینات کرنے، سائبر سکیورٹی آفیسرز سائبر سکیورٹی سسٹم پر عملدرآمد اور تمام آن لائن سسٹمز کا سال میں دو بار آڈٹ کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔ مراسلے میں کورونا کے باعث ویڈیو کانفرنس کالز میں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری ونڈو کمانڈز کو فوری طور پر بند اور اداروں میں سنٹرلائزڈ مانیٹرنگ سسٹم اپنانے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح ای میلز کے ساتھ منسلک چیزوں کو آف لائن ہوکر کھولنے، آفیشل ای میل اکائونٹس کے پاسورڈ، براؤزرز پر سیو نہ کرنے اور دفتری امور کی انجام دہی کیلئے معروف کمپنیوں کے سافٹ وئیرز ہی انسٹال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔