میلسی(نمائندہ نوائے وقت)میلسی میں وکلاء اور پولیس کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا پولیس تھانہ سٹی میلسی نے اے ایس آئی اللہ دتہ کانجو کو سول کورٹ کے سامنے تشدد کا نشانہ بنانے والے 4وکلاء سمیت 5ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا اور مقدمہ کے ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ۔ تفصیل کیمطابق گذشتہ روز پولیس تھانہ سٹی میلسی کے تھانیدار اللہ دتہ کانجو کو میلسی کچہری آمد پر میلسی بار کے وکلاء اسجد خان بلوچ ، رائو نوید انجم ، ضیغم شاہ اور جھگڑے کے اصل فریق علی رضا باجوہ اور ان کے بھائی محمد رضا نے مبینہ طور پر عدالت کے سامنے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنا ڈالا مذکورہ تھانیدار نے چند روز قبل علی رضا باجوہ کو لاک ڈائون کے دوران دکان کھولنے پر اپنی حراست میں لیا اور مبینہ طور پر بد سلوکی کی اور تھانے لے آئے اس معاملے کا بدلہ لینے کیلئے وکلاء نے گذشتہ روز تھانیدار کو احاطہ کچہری میں پکڑ کر تشدد کیا جبکہ بار ایسوسی ایشن نے ایس ایچ او تھانہ سٹی خرم اسرار اور تھانیدار اللہ دتہ کانجو کیخلاف قرار داد مذمت منظور کرتے ہوئے ان کو فوری طور پر ضلع بدر کرنے کا مطالبہ کیا تا ہم پولیس نے رات گئے وقوعہ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مذکورہ بالا چاروں وکلاء اور علی رضا باجوہ کے بھائی محمد رضا باجوہ کو نامزد کر دیا جس پر یہ تنازعہ مزید شدت اختیار کر گیا پولیس نے محمد رضا باجوہ کو گرفتار کر لیا دوسری جانب بار ایسوسی ایشن میلسی نے وکلاء کیخلاف مقدمہ درج کرنے پرآج بروز جمعتہ المبارک مکمل ہڑتال کی کال دیدی اور وکلاء کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر پولیس کا کچہری میں داخلہ بھی بند کر دیا ۔
میلسی : وکلائ، پولیس تنازعہ میں شدت، تھانیدار پر تشدد کرنیوالے وکلاء کیخلاف مقدمہ،ایک گرفتار
May 21, 2021