کے ایم سی کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ سندھ سید نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو منافع بخش اور حقیقی معنوں میں فعال ادارہ بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، واجبات اور رقوم کی ادائیگی کے لئے مکینزم تشکیل دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید نجم احمد شاہ نے اپنے دفتر میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت اہم افسران نے شرکت کی۔ نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے معاملات اور معاشی صورت حال میں بہتری لانے کے لئے جامع و مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت تمام ادائیگوں کو نہ صرف بر وقت ادا کیا جائے بلکہ مستقل طور پر ریوینیو جنریشن اور منافع حاصل کرنے کے سلسلے کو جاری و ساری رکھا جائے۔سیکرٹری بلدیات سندھ کے مطابق کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی وہ املاک جن کو مختلف اداروں نے کمرشل مقاصد کے لئے حاصل کررکھا ہے ان کے رینٹ ایگریمنٹس اور معاہدوں کو حالیہ مارکیٹ ٹرینڈز کے مطابق قابل تجدید بنایا جائے اور مستقبل کی ضروریات کی پیش نظر ماہرین کی رائے کے نتیجے میں پیش بندی کی جائے۔ نجم احمد شاہ نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی کے تمام شعبہ جات اور ڈپارٹمنٹس کو مکمل طور پر فعال بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے اور ٹیکسز و محصولات کی وصولی کا نظام شاندار انداز سے موثر و بھرپور بنایا جائے۔انجینئر سید نجم احمد شاہ نے کہا کہ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو ایک مثالی اور ترقی پسند ادارہ بنانے کے لئے حکومت سندھ مکمل طور پر سنجیدہ اور کوشاں ہے اور ہر ممکن کوشش سے کے ایم سی کو سپورٹ و معاونت فراہم کی جاتی رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن