کراچی (نیوزرپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے (آج) جمعرات کے روز 8 شوال کو یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام،ازواج رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور صحابہ کرام رضوان اللہ کے مزارات کا انہدام ایک بدترین عمل ہے جس نے امت مسلمہ کے دلوں کو رنجیدہ کیا ہے۔ جب تک مقامات مقدسہ کی ازسر نو تعمیر نہیں کی جاتی تب تک ہر سال اسی طرح سے آواز بلند ہوتی رہے گی۔ ایک صدی قبل سرزمین حجاز پر ظلم و بربریت کا جو سیاہ باب رقم کیا ہے یہ اس خیانت کاری کا تسلسل ہے جو چودہ سو سالوں سے خانوادہ رسول ص اور محبان اہلبیت ع کے ساتھ روا رکھا جا رہا ہے۔آل رسول کو شہید کرکے ان کے مزارات کو مسمار کرنا خارجیوں اور ناصبیوں کے ہتھکنڈے رہے ہیں۔اسلام کی حقیقی نشانیوں سے نفرت کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔