حدیبیہ کیس چند روز میں دائرکرینگے، عمران کو کسی سے خطرہ نہیں: شیخ رشید

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان تمام مسائل سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، انہیں کسی سے کوئی خطرہ نہیں۔ ادارے، عمران خان اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا دنیا میں اپوزیشن لیڈر وطن واپس آتے ہیں، یہ لوگ باہر جانا چاہتے ہیں۔ بھگوڑے صورتحال کا سامنا کرنے کے بجائے بھاگ جاتے ہیں۔ حدیبیہ کیس 2 سے 3 ہفتے میں دائر کر دیں گے۔ منی لانڈرنگ اور شوگر ملز کیسز شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں۔ سائبر ونگ سے لوگوں کی سب سے زیادہ شکایات ہیں۔ وزارت داخلہ میں ایف آئی اے کا ادارہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایسا نہیں ہو سکتا سرکاری افسر من پسند سیٹ پر سالوں نوکری کریں۔ روٹیشن پالیسی اپنائی ہے، اب افسروںکے تبادلے ہوں گے۔ سائبر ونگ کو مزید فعال کیا جائے گا۔ ن لیگ میں دو پارٹیاں ہیں‘ شہباز کی پارٹی میری پارٹی ہے۔ میں پھانسی پر چڑھنا پسند کروں گا لیکن ملک سے باہر نہیں جاؤں گا۔ حدیبیہ ریفرنس چند دنوں میں دائر کرنے جا رہے ہیں۔ شہباز شریف 15 دن کے اندر ای سی ایل میں نام ڈالنے کے خلاف نظرثانی اپیل کر سکتے ہیں۔ مریم اور ان کے والد نے اپنی جماعت کو اس مقام تک پہنچایا۔ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے اور میری سب سے زیادہ ہمدردی مولانا کے ساتھ ہے۔ اپوزیشن اس حکومت کو اب نہیں پکڑ سکتی۔ عمران خان نظام کو بہتر کرنے کے ساتھ مافیاز کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں۔ اور نہ ہی کوئی تحریک عدم اعتماد آ رہی ہے۔ میرا جہانگیر ترین سے الیکشن کے بعد کوئی رابطہ نہیں لیکن اتنا جانتا ہوں کہ جہانگیرترین بھی سمجھدار ہیں، وہ غلط قدم نہیں اٹھائیں گے اور ملک کو بحران میں مبتلا نہیں کریں گے۔ عمران خان اور جہانگیر ترین دونوں پارٹیاں علی ظفر ایڈووکیٹ سے مطمئن ہیں۔ علی ظفر کو اپنی رپورٹ دے دینی چاہیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ وہ کوئی انتقامی کارروائی نہیں کر رہے۔ اگر جہانگیر ترین کے لوگوں کو شکوہ ہے تو بتائیں۔

ای پیپر دی نیشن