لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کیلئے قابل تحسین فیصلہ کیا ہے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سرکاری ملازمین کو 25 فیصد سپیشل الاؤنس ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری ملازمین کو 15 یا 10 فیصد سپیشل الاؤنس دینے کی تجاویز مسترد کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ 1 سے 19 تک 7 لاکھ 21 ہزار سے زائد صوبائی ملازمین کو سپیشل الاؤنس دیا جائے گا۔ پہلے سے سپیشل/ ایگزیکٹو الاؤنس لینے والے ملازمین شامل نہیں ہونگے۔ جون میں سپیشل الاؤنس تنخواہوں میں شامل کر دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری ملازمین ہمارے دست و بازو ہیں‘ ان کے مسائل کا احساس ہے۔ بجٹ میں بھی صوبائی ملازمین کے لئے خوشخبری ہوگی۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ قبل ازیں عثمان بزدار سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی‘ جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ سیاسی صورتحال اور امن عامہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ ‘ وزیراعظم کے فرنٹ لائن سپاہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کو ایک ٹیم ورک کے طور پر چلا رہے ہیں۔ سیاست میں رواداری‘ برداشت اور بھائی چارے کے قائل ہیں۔ نفاق کے بیج بونے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔ تنقید برائے تنقید کرنا‘ الزامات لگانا اور دشنام طرازی ہمارا شیوہ نہیں۔ شرافت‘ شفافیت اور دیانت کے اصولوں پر چلتے ہیں۔ انتقام کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا ہے۔ ماضی میں سیاسی مخالفین کو جان بوجھ کر انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت‘ ارکان صوبائی اسمبلی آصف مجید اور محمد شفیع نے ملاقات کی‘ جس میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج ‘ فلاح عامہ کی سکیموں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رحیم یار خان سمیت جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے فنڈز کی غیرمنصفانہ تقسیم کی روایت کو ختم کر دیا ہے۔ جلد رحیم یار خان کا دورہ کرونگا۔ پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔ پروپیگنڈا کرنے والے عناصر مخصوص ایجنڈا لیکر چل رہے ہیں۔ پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی۔ شفافیت‘ میرٹ ‘ انصاف اور قانون کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں۔ سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید اور دیگر نے شرکت کی۔ کرونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ عسکری قیادت نے وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کے حوالے سے سول حکومت سے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ انسداد کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ انتظامی اقدام کا فیصلہ کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں ائیرپورٹس پر انٹرنیشنل فلائٹس کی آمد پر سپر الرٹ ہوگا اور کرونا پازٹیو انٹرنیشنل مسافروں کی نشاندہی یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں صوبے میں کرونا ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور شہر میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے موثر مینجمنٹ کی علیحدہ پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا پنجاب حکومت ڈیڑھ ارب روپے کی ویکسین خرید رہی ہے اور خریداری کے عمل کو مزید تیزکیاگیا ہے جبکہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے مزید ویکسین بھی خریدے گی۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے کہا کہ پنجاب حکومت کے کرونا سے بچاؤ اور علاج کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنا ایک قومی چیلنج ہے۔ عثمان بزدار نے سکھر کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ بازوؤں سے محروم باہمت لڑکی کی آواز بن گئے۔ خانیوال کے نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والی بازوؤں سے محروم لڑکی شہناز بی بی کے بارے میں ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر شہناز بی بی کی مالی امداد کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال شہناز بی بی کے گھر گئے۔ مالی امداد کا چیک اور الیکٹرک سلائی مشینیں شہناز بی بی کو دیں۔
ملازمین کیلئے 25 فیصد سپیشل الائونس منظور، الزامات کی سیاست کی نہ کرینگے: عثمان بزدار
May 21, 2021