سری نگر(کے پی آئی+ این این آئی)شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں بھارتی فوج نے ایک شہری کو درانداز قرار دے کر شہید کر دیا ہے جبکہ سونہ مرگ سے ایک لاش ملی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز نے کپواڑہ ضلع کے ٹنگدھار سیکٹر میں تلاشی مہم کے دوران ایک شخص کو گولی مار کر شہید کر دیا حکام نے بتایا کہ اس علاقے میں آپریشن ابھی جاری ہے۔ ادھر سربل سونہ مرگ میں ایک بوسیدہ لاش برآمد ہوئی ہے ۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق ،خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی برسیوں کے موقع پر(آج)21مئی بروز ہفتہ مکمل ہڑتال کی جائے گی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جس کا مقصد مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں بند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی غیر قانونی نظربندی کے خلاف احتجاج اور تحریک آزادی کے حوالے سے ان کے عزم وہمت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف (آج)ہفتے کے روز احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔سرینگر میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم پانچ رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آگ شہر کے علاقے میر بہری میں ایک رہائشی مکان سے شروع ہوئی اور تیزی سے چار گھروں تک پھیل گئی۔ دوسری طرف بانڈی پورہ اور مقبوضہ علاقے کے دیگر حصوں میں کشمیر بچا یوتھ ونگ کی جانب سے چسپاں کیے گئے پوسٹروںمیں مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت کی زیر قیادت ہندوتوا قوتوں کے ناپاک عزائم سے عوام کو خبردار کیا گیا۔پوسٹروں میں لکھا ہے قاتل بی جے پی-نہیں نہیں، بانڈی پور کو ہندوتوا آر ایس ایس-بی جے پی سے بچاو اور بی جے پی کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے۔