لاہور + اسلام آباد (نیٹ نیو+ نمائندہ خصوصی+اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نامہ نگار) عمران خان کے مریم نواز سے متعلق بیان پر مسلم لیگ ن اور اتحادیوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کم ظرفی کے اظہار سے ملک و قوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے۔ مسجد نبویؐ کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت و تکریم کی کیا توقع ہو سکتی ہے؟۔ تاریخ کا پہلا شخص ہے جو ایک جماعت کے سربراہ کے طور پر بدتہذیبی کے اس پاتال میں جاگرا ہے۔ قوم بنانے نکلے تھے اور قوم کے اخلاق کو ہی بگاڑ دیا، انا للہ و انا الیہ راجعون۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ بدتمیزی کا کلچر پروان چڑھا دیا ہے۔ انہیں یہ نہیں پتہ ماں بہن کی عزت کسے کہتے ہیں۔ لندن میں صحافی کے سوال پر نوازشریف نے کہا کہ عمران خان کی بدتمیزی سے متعلق عنقریب بات کروں گا اور کچھ معاملات پر تبادلہ خیال بھی کروں گا۔ عمران خان نے پاکستان کی جو بربادی کی ہے، ملک کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، جو کچھ بھی انہوں نے کیا ہے وہ پاکستان کے لیے اتنے گہرے اثرات چھوڑ گئی ہے، جسے دوبارہ ٹھیک کرنا بہت ہی مشکل ہو گا۔ عمران خان نے ہماری معیشت، معاشرت اور اخلاقیات کو تباہ کر دیا، بدتمیزی کا کلچر پروان چڑھا دیا ہے۔ عمران نے ہماری معاشرت کو تباہ کر دیا، انہیں یہ نہیں پتہ ماں بہن کی عزت کسے کہتے ہیں، نام لیتے ہیں مدینے کی ریاست کا اور باتیں ایسی کرتے ہیں جس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ عمران خان نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے جس سے نکالنا ناممکن نظر آ رہا ہے، پاکستان کو تباہی کا شکار ہوتے ہوئے میری آنکھیں نہیں دیکھ سکتیں۔ ہماری الیکشن کی تیاری مکمل ہے، سب کو پتہ ہے مسلم لیگ ن نے ملک کو کتنا ڈلیور کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی تمام خواتین کو اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔ مریم نوازشریف کے بارے میں عمران نیاز کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے، اخلاقیات، روایات اور سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد اب عمران نیازی خواتین پر رکیک حملے بھی کر رہا ہے۔ ایسی بدزبانی ہمارے سیاسی کلچر کے طور پر بڑھانا نئی نسل کے لئے زہر قاتل ہے۔ عمران نیازی ملک میں انارکی کے ساتھ غلیظ خیالات کی ترویج اور اخلاقیات کا جنازہ نکالنے پر بھی تلا ہوا ہے، خواتین کے بارے میں اس کے بازاری خیالات قوم کے سامنے ہیں۔سابق صدر زرداری نے عمران کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جن عزت داروں کے گھروں میں مائیں بہنیں ہوں وہ اس طرح کی زبان نہیں استعمال کرتے، خدارا اس سیاست میں اتنے نیچے نہ گر جائیں۔ مائیں بہنیں بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔ کاش اب بھی کوئی چیف جسٹس کو پرسنل ابزرویشن کا خط لکھے اور وہ نوٹس لیں۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ یہودی ایجنٹ کا کردار ادا کرنے والے شخص سے ایسی گندی زبان کی ہی امید ہے۔ عمران نیازی اتنی تنقید کریں جتنی کل برداشت کر سکیں۔ حدیں نہ پھلانگیں، ورنہ جینا دو بھر کر دیں گے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز پر جملے بازی کر کے عمران خان قوم کی خواتین کی توہین کر رہے ہیں۔ زبان کو لگام نہ دی تو گندگی پھیلانے والی زبان کھینچنا آتی ہے۔ یہ وہ لوفر اور لفنگا ہے جو وزیراعظم کی کرسی پر چار سال گند پھیلاتا رہا۔ عمران خان کا منہ گندا نالہ بن چکا ہے۔ ہم نے اپنا جنون دکھایا تو عمران سے برداشت نہیں ہو گا۔ عمران خان کی گندی تربیت اور کردار کا عکس ہے۔ ملک کی معیشت اور عوام کو تبادہ کرنے والے عمران خان ہیں۔ عمران خان نے معاشرے کی اخلاقی قدروں کا بھی جنازہ نکال دیا ہے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد فیق نے کہا ہے کہ مخالفین کی ماؤں، بہنوں کے بارے میں بدکلامی کرنے والا عمران خان یقیناً تباہی کی راہ پر ہے۔ عمران خان پر شیاطین اترتے ہیں۔ عمران خان گواہ رہنا، یاد رکھنا، تم گمراہی کے راستے پر ہو۔وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا سیاسی میدان میں ہارنے والے کا کم ظرفی پر اترنا اعتراف شکست ہے۔ ماؤں‘ بہنوں اور بیٹیوں کو اسی شر سے بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ مریم نواز نے عمران خان کو عوامی اور انتخابی میدانوں میں شکست دی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران نیازی نے اخلاق سے گری ہوئی باتیں کیں۔ جو زبان عمران خان استعمال کر رہا ہے وہ کسی لیڈر کو زیب نہیں دیتی۔
عمران کو کیا معلوم خواتین کی عزت کیسے کہتے ہیں ، حکومتی اور اتحادی رہنما ئو ں کا رد عمل
May 21, 2022