اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مستحکم، سونا 350 روپے تولہ مہنگا

May 21, 2022


لاہور+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ سٹیٹ بنک کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 201 روپے برقرار ہے۔ انٹر بنک میں ڈالر 14 پیسے کے اضافے کے بعد 200 روپے 14 پیسے پر بند ہوا۔ رواں  کاروباری ہفتے میں امریکی ڈالر 7 روپے 61 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔ نئی حکومت آنے کے بعد سے امریکی ڈالر 17 روپے 21 پیسے مہنگا ہوچکا ہے جبکہ رواں مالی سال ڈالر کی قیمت میں 42 روپے 59 پیسے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ علاوہ ازیں سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 350 روپے اضافہ ہوا اور ایک تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ38 ہزار 700 روپے ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت 300 روپے اضافے سے ایک لاکھ18ہزار913 ہے جبکہ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 13ڈالرزبڑھ کر 1843 ڈالرز فی اونس ہے۔

مزیدخبریں