ہم بھوکے مرنے والے ہیں، سی لنکن وزیراعظم ، احتجاجی طلبہ پر پولیس کی شیلنگ

May 21, 2022


کولمبو(نوائے وقت رپورٹ) شدید مالی اور معاشی بحران کے شکار سری لنکا کو خوراک کی قلت کا بھی سامنا ہے جس سے قحط سالی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے نے خبردار کیا ہے کہ مالی بحران اور ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک میں خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے، ہم بھوک سے مرنے والے ہیں۔رانیل وکرماسنگھے نے اپنی سلسلہ وار ٹویٹ میں لکھا کہ امریکہ نے دنیا میں خوراک کی کمی کی پیش گوئی کی ہے جس سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں سری لنکا اور افغانستان کو شامل کیا ہے۔ سری لنکا میں معاشی بحران پر جاری کشیدگی میں کمی نہ آ سکی۔ حکومت مخالف احتجاج کرنے والے طلبا پر پولیس نے آنسوگیس کے شیلز برسا دئیے، معاشی بحران پر کشیدگی برقرار ہے، سری لنکا میں حکومت مخالف احتجاج میں طلباء بھی سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے پولیس کی شیلنگ سے سڑکیں میدان جنگ کا منظرپیش کرنے لگیں۔احتجاج کرنے والوں نے بیرئیر ہٹا کر صدر کے گھر کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے واٹر کینن چلا دی۔ملک کے دیوالیہ ہونے کے بعد سے مسلسل بڑھتی مہنگائی،بجلی کی طویل بندش اور پٹرولیم مصنوعات کی عدم فراہمی بھی عوامی غم وغصے کا باعث بنی ہوئی ہے۔

مزیدخبریں