لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے خطبہ جمعہ کے دوران کہا کہ اس وقت مسلمان پر چاروں طرف سے طاغوتی یلغار جاری ہے اور ہمیں اپنے دین سے برگشتہ اور دور کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے اور دنیا میں 50سے زائد اسلامی ممالک دینی طور پر برائے نام ایک ہیں ان میں کوئی اتحاد اور یگانگت کا عنصر موجود نہیں۔ فرقہ بندی کی وجہ سے ایک دوسرے کو مسلمان سمجھنے اور کہنے کو تیار نہیں۔ اپنی اپنی بداعمالیوں اور دو عملی کی وجہ سے دنیا میں اپنی اصل پہنچان اور شناخت سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ ہمارے ایمان کمزور ہو رہے ہیں۔ ہماری آنے والی نسل غیر اسلامی مشاغل اور اپنے تابناک ماضی سے لاعلم ہے۔ ہم نے اپنے ایمان کی طاقت سے اپنوں سے بڑے لشکروں اور طاقتوں کا مقابلہ کیا اور اسلام کا جھنڈا بلند رکھا۔ اس کی وجہ صرف قرآن و سنت سے وابستگی اور ایمان کی قوت تھی۔ آج بھی مسلمانوں کو مصائب و مشکلات سے صرف ان کا پختہ ایمان ہی بچا سکتا ہے اور ہم دوبارہ اسی ٹریک پر آکر دنیا کا سامنا کر سکتے ہیں۔