معیشت کی ترقی ،طویل المدت پالیسیاں تشکیل دینا ہوںگی: پرویز حنیف

لاہور( کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے غیرضروری اورلگژری مصنوعات کی درآمد ات پر پابندی کے فیصلے کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت چھوٹی انڈسٹری کو ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدی انڈسٹری بنانے کیلئے جامع اور موثر پالیسی کا اعلان کرے۔ پرویز حنیف نے کہا کہ غیر ضروری درآمدات پربہت پہلے پابندی یا ان پر ڈیوٹی وٹیکسز میں اضافہ کرنا چاہیے تھا۔ معیشت سے جڑے تمام اشاریے تنزلی کی جانب گامزن ہیں ،جس کی وجہ سے قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں۔ معیشت کی ترقی اور سیاسی استحکام لازم و ملزوم لیکن ملک میں جس طرح کے حالات پیدا ہو گئے ہیں، اس سے معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں ایڈ ہاک ازم پر مبنی پالیسیاں تشکیل دی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے ہماری معیشت کو مضبوط بنیادیں میسر نہیں آتیں ،ہمیں معیشت کی ترقی کیلئے طویل المدت پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی۔ پرویز حنیف نے کہا کہ حکومت برآمدی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کیلئے سہولتوں اورمراعات کااعلان کرے تاکہ ہماری برآمدات میں اضافہ ہو ۔

ای پیپر دی نیشن