کراچی ( کلچرل رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے سینئر میوزیشن استاد ادریس حسین جعفری، غیاث الدین افسر اور غزل سنگر فیروز اختر کی یاد میں تعزیتی اجلاس آرٹس کونسل لابی ایریا میں منعقد کیاگیا جس میںصدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، محمد علی، بندوخان، وسیم فیروز، اخلاق بشیر، اقبال لطیف، بشیر خان سدوزئی، سلمان علوی، فیصل ندیم، وکی، عبدالباسط نے اظہارِ خیال کیا جبکہ نظامت کے فرائض نعمان خان نے انجام دیے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ فیروز اختر سے ہمارے دوستی بے تکلفی تھی وہ بہت بڑے آدمی تھے، ادریس جعفری ہماری اکیڈمی میں بھی رہے، غیاث الدین افسر اپنے کام میں ماہر تھے، انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل آرٹسٹوں کا ہی ہے اگر فن کار نہ ہوں تو اس کا وجود بے معنی ہے، کلاسیکل میوزک کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا اس کا اپنا ہی مزہ ہے، ہم نے فنکاروں کو گھرجیسا ماحول مہیا کیا۔