روس کا یو کرائن میں جدید لیزر ہتھیار استعمال کرنے کا اعلان ، یو کرائن کیلئے امریکی امدادی پیکج منظور 

May 21, 2022


ماسکو (آئی این پی، اے پی پی) روس نے یوکرائن میں جدید ترین لیزر ہتھیار استعمال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ یوری بوری سوف نے ٹی وی پر اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ روس یوکرین میں زادیرا سسٹم کا استعمال کرنے جا رہا ہے۔ جدید ترین لیزر ہتھیاروں پر مشتمل زادیرا لیزر سسٹم 5 کلو میٹر کے فاصلے پر اپنے اہداف کو تباہ کرنے، ڈیڑھ ہزار کلومیٹر کی رینج میں نگرانی کرنے والے تمام سیٹلائٹس کو جام کرنے، مختلف قسم کے ڈرون طیاروں کو تباہ کرنے اور مہنگے ترین میزائلوں کو چلنے سے روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یوکرائن کیلئے امریکہ کا سب سے بڑا امدادی پیکیج منظور ہو گیا۔ امریکی سینٹ نے یوکرین کیلئے چالیس ارب ڈالر امداد کی منظوری دے دی۔ بل صدر جوبائیڈن کے دستخط کے لئے بھیج دیا گیا۔ امریکی سینٹ کے 86 ارکان نے بل کے حق اور گیارہ نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ اٹلی کے وزیر اعظم ماریو دراغی نے یوکرائن میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات ہی بحران کو ختم کرنے کا واحد حل ہے ۔ روس کی یوکرائن میں مداخلت کے بعد اس سال یوکرائن اپنی زرعی فصل کا صرف 50 فیصد ہی حاصل کرپائے گا جس سے دنیا کے بہت سے ممالک میں خوراک کے بحران کا خطرہ ہے۔

مزیدخبریں