شکرگڑھ (نامہ نگار) امن کی راہداری کرتار پور نے ایک اور خاندان کو ملا دیا۔1947ء کے بچھڑے بہن بھائی عبدالعزیز اور مہندر کور خاندانوں سمیت کرتار پور میں مل بیٹھے۔ جذباتی مناظر۔ ایک دوسرے کو گلے لگا کر روتے رہے۔ حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا، کرتار پور جسے امن اور ملاپ کی راہداری کا نام دیا جاتا ہے وہاں بچھڑوں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آزاد کشمیر کے رہائشی ضعیف العمر شیخ عبدالعزیز کی 1947ء میں بچھڑی ہوئی بہن مہندر کور سے 75 سال بعد ملاقات ہو گئی۔ سوشل میڈیا پر جاری تلاش کے سبب دونوں خاندانوں کا رابطہ ہوا۔ عبدالعزیز آزاد کشمیر سے اور مہندر کور بھارت سے اپنے اپنے خاندانوں سمیت کرتار پور پہنچے۔ دونوں بہن بھائی 75 سال بعد گلے ملے تو جذبات میں رو پڑے۔ دونوں خاندانوں کے دیگر افراد بھی ملاقات کے وقت آبدیدہ ہو گئے۔ کرتار پور انتظامیہ کی جانب سے خوشی کے اس موقع پر مہمانوں کو پھول پیش کئے گئے۔ ملنے والے خاندانوں نے کرتار پور راہداری کھولنے اور سہولتوں کی فراہمی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں خاندانوں نے ملاقات کے لئے کردار ادا کرنے والے آزاد کشمیر کے رہائشی عمران کا بھی شکریہ ادا کیا۔
کرتارپور: 75 سال بعد بچھڑے بہن بھائی مل گئے‘ گلے مل کر روتے رہے
May 21, 2023