افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے کئی شہروں میں ریلیاں‘ یادگار شہداء پر پھول نچھاور

سرگودھا + کمالیہ + جڑانوالہ + خانقاہ ڈوگراں (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی اور یونیورسٹی روڈ پر یادگار شہداء پر پھول نچھاور کیے گئے، جس کی قیادت امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع سرگودھا مولانا نور محمد ہزاروی نے کی، ریلی میں نائب امیر قاری عبدالوحید، مبلغ سرگودھا مولانا خالد عابد، مولانا مفتی جہانگیر حیدر، پروفیسر محمد عاصم اشتیاق سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔  علماء ویلفیئر بورڈ سرگودھا زیر اہتمام پاک فوج اظہار یکجہتی کے لئے ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ پوری قوم بالخصوص علماء  اور مشائخ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور شر پسندوں کی جانب سے جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ کمالیہ سے نامہ نگار  کے مطابق پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور استحکام پاکستان کے سلسلہ میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ ریلی  میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور  دفاع پاکستان کونسل کے عہدیدران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت مذہبی رہنما مولانا لطف اللہ لدھیانوی نے کی۔ ریلی جامعہ فاروقیہ سے شروع ہوکر کلمہ چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے راستے میں شہریوں نے ریلی کے شرکا پر گل پاشی کی ریلی کے شرکا نے پاک فوج زندہ باد آئی ایس آئی زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ریلی میں شامل افراد نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا سانحہ 9 مئی میں ملوث غنڈہ عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے چیئرمین مارکیٹ کمیٹی مرزا ارشد بیگ کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد،  ریلی میں سول سوسائٹی، کاشتکاروں ،  تاجران و  دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں کی شرکت۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم،اور پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں۔  ریلی میں پاک فوج کے حق میں نعرے بازی  کی گئی۔ خانقاہ ڈوگراں سے  نامہ نگار  کے مطابق بزم چشتیہ رضویہ کے زیر اہتمام ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کے قیادت صاحبزادہ ضیاء المصطفی رضوی نے کی‘ سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی خانقاہ ڈوگراں میاں عمران صابر ڈوگر تحصیل صدر پیپلز پارٹی۔میاں غلام سرور بوبی۔سابق چیئرمین یونین کونسل رحمان آباد میاں عمران حیدر ڈوگر۔مسلم لیگ ن کے سٹی صدر میاں جمشید عباس ڈوگر۔ مظہر علی کے علاوہ چئیرمین جیو پریس کلب خانقاہ ڈوگراں رجسٹرڈ مدثر علی بھٹی۔سنئیر وائس چیئرمین رانا محمد افتخار زرگر میاں زبیر ڈوگر سمیت شہریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی۔ ریلی مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی لاری اڈے پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے بینر اٹھا رکھے تھے جس میں پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔

ای پیپر دی نیشن