34 ویں نیشنل گیمز ‘ آرمی 97 تمغوں کیساتھ سب سے آگے

May 21, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جاری نیشنل گیمز باکسنگ مقابلوں میں آرمی کی برتری ثابت ہوگئی، 97تمغوں کیساتھ آرمی سب سے آگے ہے ۔ کوئٹہ میں جاری 34 ویں نیشنل گیمز میں مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں، آرمی کی ٹیموں نے مختلف مقابلوں میں 33گولڈ ، 28 چاندی اور 18 کانسی کے تمغے حاصل کئے ہیں ، واپڈا کی ٹیمیں 49 تمغوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں ۔ باکسنگ میں مردوں اور خواتین کی مجموعی 20 کیٹیگری کے مقابلوں میں آرمی نے 13گولڈ میڈل جیتے، آرمی کے باکسرز نے ایک سلور اور 4برانز میڈلز بھی حاصل کیے۔ واپڈا کے باکسرز نے 4گولڈ، 3سلور اور 3برانز میڈل جیتے جبکہ ایئر فورس نے ایک گولڈ، 7سلور اور 5 برانز میڈلز جیتے۔ نیوی ایک گولڈ، 3سلور اور 8برانز میڈل حاصل کر کے تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے باکسنگ میں ایک گولڈ، ایک سلور اور 5برانز میڈل جیتے۔ مردوں کی 92 ویں کلو گرام کیٹیگری میں آرمی کے اظہر نے گولڈ میڈل جیتا جبکہ خواتین کی 54-57 کے جی کیٹیگری میں آرمی کی فاطمہ زہرہ نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ 81کلوگرام ویمنز کیٹیگری میں واپڈا کی مبشرہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ خواتین کی 75-81کے جی کیٹیگری میں آرمی کی ارفع خرم نے سب کو چت کر دیا۔ مردوں کی 86-92 کلوگرام کیٹیگری کی فیصلہ کن باٹ آرمی کے عرفان خان کے نام رہی، مردوں کی 80-86کے جی کیٹیگری میں ایئر فورس کے محمود الحسن نے سب کو آئوٹ کلاس کیا۔ آرمی کے بلاول ضیا نے مردوں کی 75-80کے جی کیٹیگری میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ خواتین کی بینٹم ویٹ کیٹیگری میں آرمی کی دعا زہرہ نے سونے کا تمغہ جیتا، مردوں کی مڈل ویٹ کیٹیگری میں آرمی کے سیف المنان نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مردوں کی 63.5-67 کے جی ویٹ کیٹیگری میں آرمی کے گل زیب کو کوئی شکست نہ دے سکا، مڈل ویٹ اور فلائی ویٹ کیٹیگری میں واپڈا کے احسان اللہ اور عطا اللہ سرخرو ہوئے۔

مزیدخبریں