لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان محمد ثقلین نے کہا ہے کہ کچھ کالی بھیڑیں ایسی ہیں جو ہاکی فیڈریشن اور حکومتی عہدیداروں کو گمراہ کر رہی ہیں۔جونیئر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کیلئے ایشیا کپ میں پاکستان کو اپنے پول میں بھارت یا جاپان کو ہرانا پڑیگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات اور تنازعات مل بیٹھ کر حل کرنے کی ضرورت ہے یکطرفہ کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔آپ فیڈریشن کے عہدیداروں کو بلائیں ان کی بھی بات سنیں اور پھر فیصلہ قوم کے سامنے سنائیں تاکہ کھیل کی بہتری ہو، قومی کھیل ہاکی کیساتھ ایسا رویہ نہیں رکھنا چاہیے۔ اس وقت پاکستان ہاکی کو اٹھانے کیلئے فنڈز کی ضرورت ہے، بھارت نے ہاکی پر 3ارب روپے لگائے تب کہیں اسے کئی دہائیوں کے بعد اولمپکس میں میڈل ملا۔جب تک انویسٹمنٹ نہیں کی جائیگی نتائج بھی حاصل نہیں ہوں گے، آج کل کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کیلئے بہت زیادہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے، جب فزیکل فٹنس بہتر ہوگی آپ کسی بھی سطح پر مقابلہ کرنے کے اہل ہوں گے۔ جونیئر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کیلئے ایشیا کپ میں پاکستان کو اپنے پول میں بھارت یا جاپان کو ہرانا پڑے گا۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو عمان کے موسم کا فائدہ حاصل ہوگا، پاکستان ٹیم گرم موسم میں ٹریننگ کر کے گئی ہے جبکہ جاپان نے سرد موسم میں ٹریننگ کی۔