آشیانہ سکینڈل ، بدعنوانی کے ثبوت نہ خزانے کو نقصان ، نیب نے شہباز شریف کو بے گناہ قراردیدیا 

May 21, 2023


لاہور (خبر نگار) قومی احتساب بیورو نے آشیانہ ہاﺅسنگ ریفرنس سکینڈل میں وزیر اعظم شہباز شریف کو بے گناہ قرار دے دیا. شہباز شریف کی بریت کی درخواست پرنیب نے عدالت میں رپورٹ جمع کرا دی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ اور شواہد سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ آشیانہ ہاﺅسنگ کے ٹھیکے دینے کے عمل میں بدعنوانی کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔ شہباز شریف نے آشیانہ پراجیکٹ شروع کرتے وقت نہ سرکاری خزانے کوکوئی نقصان پہنچایا اور نہ ہی کوئی فوائد حاصل کیے۔ منصوبے میں شہباز شریف کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے کوئی ثبوت بھی نہیں ملے۔ شہباز شریف کے خلاف بدنیتی کا کوئی پہلو بھی ثابت نہیں ہوتا اور کسی پبلک آفس ہولڈر نے کسی قسم کے کوئی فوائد حاصل نہیں کیے۔ کامران کیانی نے بھی سرکاری خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا، نہ فواد حسن فواد نے ٹھیکہ دلوانے کے لیے کوئی رشوت لی۔ شہباز شریف نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کا ٹھیکہ لطیف اینڈ سنز کو دینے کا معاملہ قانون کے مطابق اینٹی کرپشن کو بھجوایا تھا،نیب نے استدعا کی کہ عدالت قانون کے مطابق شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر فیصلہ کر دے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور احد چیمہ نے عدالت میں بریت کی درخواستوں میں مو قف اختیار کیا کہ آشیانہ ریفرنس کے وعدہ معاف گواہ منحرف ہو چکے ہیں، اس ریفرنس میں سزا کا کوئی امکان نہیں ہے۔

مزیدخبریں