بلوچستان ، ٹانک میںحملے ، آپریشن ، 5 جوان شہد ،4 دہشت گرد ہلاک 

May 21, 2023

کوئٹہ اسلام آباد (این این آئی+اے پی پی+خصوصی نامہ نگار+نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) بلوچستان کے علاقے زرغون میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 3 جوان شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ ٹانک میں 2 جوان شہید اور 3 دہشتگرد مارے گئے۔ پوسٹ پر موجود جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دہشتگرد فرار ہو گئے۔ اس حوالے سے آئی ایس پی آر نے بتایاکہ کوئلہ کانوں سے بھتہ خوری روکنے کے لیے چیک پوسٹ حال ہی میں بنائی گئی تھی۔ شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے کہا قوم شہداءکوسلام پیش کرتی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں چوکی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرتی اور امن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے جوانوں پر قوم کو فخر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی زرغون میں چوکی پر حملے کی مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں دہشتگردانہ حملے میں تین جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔ کیا ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ شہداءکے لہو کے ہر قطرے کا حساب لیں گے۔ رانا ثناءنے بھی حملے پر اظہار افسوس کیا اور مذمت کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ٹانک کے علاقے میں آپریشن کیا۔ سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان شہید اور تین دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ شہداءمیں نائیک محمد عتیق اور نائیک رجب علی شامل ہیں۔ دونوں فوجی جوان بہادری سے مقابلہ کرتے شہید ہوئے ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے کی کلیئرنس جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعز ہیں۔ بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

مزیدخبریں