مسجد اقصٰی کی بے حرمتی : مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ، عالمی برادری اسرائیلی جارحیت ختم کرائے: پاکستان

May 21, 2023


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج ایک بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ جیسے مسلمانوں کے مقدس مقدمات کے تقدس کی پامالی دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے اسرائیلی اقدامات کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ایسے اقدامات اظہارِ رائے اور فلسطینی عوام کے مذہب یا عقیدے کی آزادی کے حق کے منافی ہیں جو تمام انسانی حقوق کے تمام قوانین اور اقدار کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کرے، جن میں اس سال کے آغاز سے نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان فلسطینیوں کی غیر متزلزل حمایت اور ایک خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ جاری رکھے گا، جو انیس سو سڑسٹھ سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کیونکہ یہی فلسطینی تنازعے کا منصفانہ اور جامع حل ہے۔
پاکستان، مسجد اقصیٰ

مزیدخبریں