پاکستان میں حج آپریشن کا آغاز اتوار کو علی الصبح کراچی سے کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے 328 عازمین کو لے کر علی الصبح مدینہ کیلئے روانہ ہوئی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے امان اللّٰہ قریشی، ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ، ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے حکام نے عازمین کو رخصت کیا۔ عازمین حج کو رخصت کرنے کیلئے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں حجاج سے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔ حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے افتتاحی پروازوں کے ذریعے تقریباً 700 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔