فردوس شمیم کو جیل بھیج کر اہلِ اقتدار نے ذہنی پستی ظاہر کی: عمران خان

لاہور:   چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کینسر کے مریض فردوس شمیم نقوی کو زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے وہ کس قدر پستی کا شکار ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کراچی کے رہنما فردوس شمیم نقوی کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی 27 سال قبل میرے ہمسفر اور پاکستان کو ایک منصفانہ اور انسانی اقدار پر مبنی سماج کی صورت میں ڈھالنے کے خواب میں میرے شراکت دار بنے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی نے جدوجہد کے تمام نشیب و فراز کا پوری ثابت قدمی سے سامنا کیا اور ایمان کی پختہ بنیادوں پر استوار مضبوط کردار ہی تھا جو بہت سی مایوسیوں کے باوجود ثابت قدمی کا وسیلہ بنا۔چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ فردوس شمیم کینسر کے مرض سے شفایابی کے مراحل میں ہیں. انہوں نے اپنے مرض کا بھی پورے وقار اور ہمت سے مقابلہ کیا. ایسے شخص کو دہشتگردی کے الزام میں زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے کہ کس قدر پستی کے شکار ہیں۔

ای پیپر دی نیشن