کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے 10 ماہ میں غذائی اشیاء کی برآمدات میں 2 ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں 5.96 ارب ڈالرکی غذائی اشیاء برآمد کی گئیں جو مالی سال 2023ء کے ابتدائی 10 ماہ میں 3.92 ارب ڈالر تھیں۔ سٹیٹ بینک کا بتانا ہے کہ رواں سال چاول کی برآمد 76 فیصد بڑھی ہے جبکہ جولائی تا اپریل 34.5 کروڑ ڈالر کے سی فوڈز برآمدکیے گئے۔ رواں مالی سال جولائی سے اپریل تک 69 کروڑ ڈالر کے پھل و سبزیاں بھی برآمد کی گئیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق 10 ماہ میں 44 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا گوشت اور گوشت کی بنی دیگر مصنوعات برآمد کیں جبکہ 37 کروڑ ڈالر کے تیل کے بیج اور میوے برآمد کئے گئے۔ 10 ماہ میں ملک سے 2 کروڑ ڈالر کی چینی بھی برآمد کی گئی۔ اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان سے گندم برآمد نہیں ہوئی۔
رواں مالی سال 10ماہ غذ ائی اشیاء کی برآمدات میں 2ارب ڈالر اضافہ ہوا : سیٹ بنک
May 21, 2024