جنوبی افریقہ میں وزیر آباد کا نوجوان قتل‘ جسد خاکی آج آئے گا

وزیر آباد (نامہ نگار) وزیرآباد کا نوجوان جنوبی افریقہ میں ڈکیتی کی واردات میں قتل، نعش آج وطن پہنچے گی، جاں بحق ہونے والا نوجوان جنوبی افریقہ کے دارالحکومت کیپ ٹاؤن کے نواحی علاقہ میں گذشتہ چار سال سے روزگار کے سلسلہ میں سائوتھ افریقہ میں مقیم تھا۔ محلہ سکندر پورہ وزیر آبادکے رہائشی ملک محمد عارف کا 26سالہ بیٹا محمد اعزاز چار سال قبل روزگار کے سلسلہ میں سائوتھ افریقہ گیا تھا، دکان بند کر کے گھر واپس جاتے سیاہ فام ڈاکوئوں نے روکنے کی کوشش کی تو نوجوان محمد اعزاز نے گاڑی بھگا دی، تعاقب کرتے سیاہ فام ملزموں نے روڈ پر موجود اشارہ پر روک لیا اور اعزاز اور ان کے ساتھیوں سے رقوم، موبائل فون چھین لیے اور گاڑی نہ روکنے کی پاداش میں سیاہ فام ملزموں نے محمد اعزاز کو گولیاں مار دیں۔ نوجوان کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ مقتول نوجوان کے اہلخانہ کو خبر ملی تو گھر میں کہرام مچ گیا۔ اہلخانہ پر غشی کے دورے اور علاقہ بھر کی فضا سوگوار ہو گئی۔ مقتول نوجوان کی میت آج21 مئی منگل کو وطن واپس پہنچے گی اور صبح10بجے نماز جنازہ اعواناں محلہ سکندر پورہ وزیر آباد میں ادا کی جائے گی ۔

ای پیپر دی نیشن