لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی فارم 47 کی پیداوار جعلی حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ عوام کو درپیش مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی جیسے گھمبیر مسائل کے حل کے لیے ماس موبلائزیشن کی جائے گی۔ کارکنوں کو بڑی تحریک کے لیے تیار کیا جائے۔ منصورہ میں اجلاس کا آغاز ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر رہنماؤں کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پر دعائے مغفرت سے ہوا۔ قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور کے اجلاس میں نائب امیر و صدر کمیٹی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری کمیٹی عنایت اللہ و دیگر قائدین نے شرکت کی۔ امیر جماعت نے کہا کہ سوشل میڈیا کا گلا گھونٹنے کے قوانین پاس ہو رہے ہیں، کے پی اور بلوچستان میں دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سندھ میں ڈاکو راج ہے، کراچی میں تمام پانچ ہزار پولنگ سٹیشن سے ہارنے والی جماعت کو تمام سیٹیں دے دی گئیں۔ پنجاب میں پولیس دندناتی پھر رہی ہے، لوگوں کے گھروں پر بے جا چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں جماعت اسلامی ہرگز خاموش نہیں رہ سکتی، مظلوموں کی آواز بنیں گے۔
فارم 47 کی پیداوار، جعلی حکومت کسی صورت قبول نہیں: حافظ نعیم
May 21, 2024