شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ انڈسٹری کو سستی بجلی اور گیس فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں آئندہ بجٹ میں وزیراعظم اہم اعلان کریں گے۔ خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صنعت کا 80 فیصد خام مال زراعت سے وابستہ ہے۔ اس لئے زراعت کے شعبہ کو بھی بہتر کرنے کیلئے سستی کھاد، زرعی آلات، ادویات کی قیمتیں کم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رچنا انڈسٹریل پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج پھر ملک میں منفی سیاست ہو رہی ہے، دھرنوں اور احتجاج کی کالیں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی پارٹیاں اپنے اختلافات بھلا کر ملک و قوم کیلئے اکٹھی ہو جائیں اور مثبت سیاست کرکے پاکستان کو مضبوط اور مستحکم ملک بنائیں۔