پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد رکن اسمبلی شفیع جان نے ایوان میں پیش کی۔ قرارداد میں سپیکر کو کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی تعیناتی اور ارکان کی تبدیلی کا اختیار دیا گیا۔ اسمبلی میں کورم دو بار ٹوٹا۔ اپوزیشن رکن عدنان وزیر نے کورم کی نشاندہی کی۔ سپیکر نے کورم پورا کرنے کے لئے گھنٹیاں بجائی گئیں۔ کورم پورا ہونے پر اجلاس دوبارہ شروع ہوا۔ دوبارہ کورم ٹوٹنے پر ایک بار پھر گھنٹیاں بجائی گئیں۔ کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس آج دن 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن ملک طارق اعوان نے کہا کہ قصہ خوانی بازار کی تزئین و آرائش کے بعد اصل حالت میں بحال کیا گیا۔ یہ اچھا اقدام ہے لیکن ہزاروں خوانچہ فروش بیروزگار ہو گئے ہیں۔ جے یو آئی کے رکن مولانا لطف الرحمن نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ کرغزستان میں طلبہ کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ 8 فروری کا الیکشن 2018ء سے بھی زیادہ دھاندلی والا ثابت ہوا۔ سیاسی استحکام نہیں ہوگا تو معاشی استحکام نہیں آئے گا۔ الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار نہیں ہونا چاہئے۔ ڈی آئی خان میں صوبے کی ضرورت کی 50 فیصد گندم پیدا ہوتی ہے۔ صوبے کے کاشتکار کو چھوڑ کر دیگر صوبوں سے گندم خریدیں گے تو یہ زیادتی ہوگی۔