اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پیر کو قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا چارج سنبھال لیا۔ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن آمد کے موقع پر وفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کا استقبال کیا۔ سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن نے وفاقی وزیر کو قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے امور کار سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی ذمہ داری میرے لئے اعزاز اور اہم چیلنج ہے اور مجھے فخر ہے کہ پاکستان کی قومی اور عالمی سطح پر خدمت کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس کی تاریخ اور ثقافت انتہائی متنوع ہے، ثقافت ہماری قومی شناخت کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط ثقافتی ورثوں کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ پاکستان کی ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر فروغ دیں گے۔ ہماری ثقافت کا اہم پہلو ڈرامہ اور موسیقی ہیں جو دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی اور جذبات کے لئے جانے جاتے ہیں۔ پاکستان کی ثقافت، موسیقی اور ڈرامہ کے ذریعے ملک کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا۔
قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا چارج سنبھال لیا‘ ملک کا مثبت امیج اجاگر کیا جائے گا: عطا تارڑ
May 21, 2024