اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے فنانس ڈویژن میں کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی کاروباری اداروں (سی سی او ایس او ایز) کے اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ، وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکرٹریز، متعلقہ وزارتوں کے دیگر سینئر افسران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے آزادانہ ڈائریکٹرز کی نامزدگی کے لیے پاور ڈویژن کی تجویز کو کابینہ میں پیش کرنے کی منظوری دی۔ کمیٹی نے ریلوے کی وزارت کی طرف سے چار ریلوے کمپنیوں کو سٹرٹیجک اور لازمی کے طور پر درجہ بندی کرنے کی پیش کردہ تجویز کی منظوری نہیں دی اور ہدایت کی کہ وہ ان چار کمپنیوں کے لیے تبدیلی کا منصوبہ کمیٹی کو پیش کریں۔ وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کی تجویز کو اس ہدایت کے ساتھ موخر کر دیا گیا کہ وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کی جانب سے اصلاحات کے لیے کی گئی منصوبہ بندی کے حوالے سے کمیٹی کو بزنس پلان پیش کیا جائے۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں اٹلی کی سفیر ماریلینا ارملین نے پیر کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعاون اور دیرینہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے اطالوی سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے معاشی منظرنامے میں نمایاں بہتری کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی، کرنسی کی عالمگیریت، سٹاک مارکیٹ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بارے میں بھی بتایا اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ نو ماہ کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کی کامیابی سے تکمیل کے حوالے سے حکومت کی کامیابیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اطالوی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ سفیر ارمیلین نے امید افزا معاشی اشاریوں کا اعتراف کیا اور پاکستان کی معیشت میں اضافے کے رجحان کو سراہا۔ انہوں نے اٹلی اور پاکستان کے درمیان بالخصوص ٹیکسٹائل، مشینری، زراعت اور ڈیری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے اٹلی کی حکومت کے مسلسل تعاون اور معاونت پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے اٹلی کے ساتھ دیرینہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ سے اطالوی سفیر کی ملاقات، ٹیکسٹائل، ڈیری سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور
May 21, 2024