لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان خالد بٹ نے انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان مضبوط معاشی تعلق کی ضرورت پر زور دیتے کہا کہ دونوں ممالک اسلامی تعاون تنظیم کے اہم رکن ہیں، مشترکہ مذہبی اقداراور اچھے تعلقات کے حامل رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈونیشیا کے ناظم الامور رحمت ہندارتا کوسوما سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انڈونیشین اکنامک سیکشن کے سربراہ انگن مالم اور لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران راجہ حسن اختر، مجاہد مقصود بٹ، احمد الٰہی اور حکیم محمد عثمان نے بھی خطاب کیا۔عدنان خالد بٹ نے کہا پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین نئے تعاون اور شراکتیں شروع کرکے بڑی مارکیٹ کے سائز اور افرادی قوت کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کیلئے حکومت اور نجی سیکٹر کے درمیان ڈائیلاگ اہمیت رکھتے ہیں۔لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ تجارتی حجم کو کم از کم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے کے بہتر استعمال کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا G20 کے رکن کے طور پر انڈونیشیا اپنے تجربات سے پاکستان کی مدد کر سکتا ہے۔