راولپنڈی ( جنرل رپورٹر ) آستانہ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ ربِ رحمن قرآنِ کریم میں ہماری تقریباً 58مقامات پر رہنمائی فرماتا ہے کہ تم غور و فکر اور تدبر کیوں نہیں کرتے۔ دینِ متین اسلام سراسر سلامتی کا دین ہے جو بہترین انسان بنا دیتا ہے اور زبان، گمان اور نیت کو درست کر دیتا ہے۔ اسلام کی صرف اور صرف تشریح یہ ہے کہ اسلام اچھا ہے، اچھائی سکھاتا ہے اور بھلائی کی طرف بلاتا ہے اور دین کی تمام تر تعلیمات قرآنِ کریم و احادیثِ مبارکہ کے ذریعے ہم تک پہنچی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلر سیداں کے مقام پر منعقدہ سنی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،صدارت سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اور جس میں مہمانِ خصوصی مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن تھے جبکہ پیر سید مظفر شاہ قادری بھی کراچی سے خصوصی طور پر شریک ہوئے،پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ مسلماتِ دین کو ہلانے والے، انتشار پھیلانے والے اور لوگوں میں دوریاں پیدا کرنے والوں کا دینِ متین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اہلِ سنت والجماعت کے عقائد وہی عقائد ہیں جن پر اہلِ بیتِ اطہار و اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ اجمعٰین کی ارفع و اعلی جماعت کاربند تھی اور اولیائے امت نے خود بھی اور اپنے سے تعلق رکھنے والوں کو بھی انہی اعلیٰ عقائد کی تعلیم دی۔ ، اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمدنقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین اورفلسطین و کشمیر کے مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات اور آباد کاری کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔
اسلام سلامتی کا دین ہے جو بہترین انسان بنا دیتا ہے،حسان حسیب الرحمن
May 21, 2024