پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی پروازوں کو کھانا فراہم کرنے والی کیٹرنگ وین میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ نے فوری آگ پر قابو پا لیا جس کے نتیجے میں پی آئی اے کا طیارہ بڑے نقصان سے محفوظ رہا۔ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 304 کراچی سے لاہور روانگی کے لیے بورڈنگ برج پر موجود تھی، پرواز کی روانگی سے قبل کیٹرنگ وین مسافروں کے لیے کھانا طیارے پر شفٹ کرنے پہنچی تھی۔ایوی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھانے کی شفٹنگ کے دوران ہائیڈرولک وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، پی کے 304 نے کراچی سے لاہور کے لیے 3 بجے اڑان بھرنا تھی۔سی اے اے کے ترجمان کے مطابق فائر فائٹرز نے کیٹرنگ وین میں لگنے والی آگ پر قابو بر وقت پا لیا۔سی اے اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق کیٹرنگ وین میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، کیٹرنگ وین میں لگنے والی آگ سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا جبکہ طیارہ اور عملہ محفوظ رہا۔سی اے اے کے ترجمان کے مطابق کیٹرنگ وین میں لگنے والی آگ پر انکوائری تشکیل دے دی گئی ہے۔