آستانہ : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 1967سے پہلے کی پوزیشن پر فلسطینی ریاست قائم کی جائے. جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آستانہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اوروزیر خارجہ کے حادثاتی انتقال پر رنجیدہ ہیں، حکومت پاکستان اور عوام ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں شریک ہیں، ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجی مدبر رہنما تھے۔انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات میں اہم کردار ادا کیا، ایرانی صدر کےگزشتہ ماہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بہت سی یادیں محفوظ ہیں۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایس سی او ایک اہم علاقائی فورم ہے، ایس سی او کی وزرائے خارجہ کونسل کا قیام بہت اہم ہے، ایس سی او میں شامل ممالک کے ایک دوسرے سے تاریخی ثقافتی وسفارتی تعلقات ہیں، ایس سی او ممالک سے تعلقات کا فروغ پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، ایس سی او ممالک کے تعاون سے تمام ممالک ترقی کی منازل طے کریں گے۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرے، 1967سے پہلے کی پوزیشن پر فلسطینی ریاست قائم کی جائے.جس کا دارالحکومت القدس ہو، ایس سی او فورم سے درپیش چیلنجز کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے.عالمی برادری عبوری افغان حکومت سے بات چیت کرے۔