صدر مملکت نے معروف مذہبی سکالر علامہ ڈاکٹرمحمد راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کاچیئرمین مقررکردیا ہے۔وزارت قانون وانصاف نے ڈاکٹرراغب حسین نعیمی کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔یاد رہے ڈاکٹرراغب حسین نعیمی اس وقت کئی پوزیشن پرخدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر راغب حسین نعیمی لاہور میں معروف دینی درسگاہ جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ اورمتحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین ہیں ، آپ پنجاب زکوةٰ کونسل کے ممبر بھی رہے ہیں،اس کے ساتھ ساتھ آپ قرآن بورڈ پنجا ب اورمرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔پنجاب یونیورسٹی لاہور اورزرعی یورنیورسٹی فیصل آباد کے سنڈیکٹ کے ممبر ہیں۔آپ نے دینی تعلیم دارالعلوم جامعہ نعیمیہ لاہورسے حاصل کی ہے۔ڈاکٹر راغب نعیمی گورنمنٹ کالج کے گریجویٹ ہیں. وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے عربی میں گولڈ میڈلسٹ اور اسلامی معاشیات میں پی ایچ ڈی ہیں۔تعلیم کے فروغ،امن وامان کے قیام اوربین المذاہب ومسالک کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے ۔حال ہی میں آپ کو دینی،تعلیمی اورسماجی خدمات کے اعتراف میں صدرمملکت کی جانب سے ستارہ امتیازسے نوازا گیا ہے۔
علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مقرر
May 21, 2024 | 23:58