منیٰ‘ عرفات اور مزدلفہ میں ڈیرہ ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی: سعودی وزارت حج

مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) سعودی وزارت حج کے سیکرٹری حاتم قاضی نے خبردار کیا ہے کہ منیٰ\\\' عرفات اور مزدلفہ میں ڈیرہ ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ حجاج کرام کو رمی جمرات کیلئے گروپ کی شکل میں روانہ کیا جائیگا۔ انہیں سامان لے جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ عازمین حج کو ڈیرہ ڈالنے سے روکنے کیلئے خصوصی دستے تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشاعر مقدسہ میں حجاج کرام کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بنایا گیا ہے۔ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی تمام ادارہ معلمین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے عازمین حج کو تاکید کریں کہ وہ گروپ کی شکل میں ہی رمی کیلئے جائیں اور اپنے ساتھ سامان ہرگز نہ لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سامان لے جانے سے بسااوقات ناخوشگوار واقعہ پیش آجاتا ہے۔ چند برسوں سے اس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں جبکہ وزارت حج میں سکیورٹی کے اعلیٰ عہدیدار میجر جنرل سعد الخلیوی نے بھی کہا ہے کہ کسی کو بھی مشاعر مقدسہ میں ڈیرہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ جو لوگ ڈیرہ ڈالتے ہوئے پائے گئے ان کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کرام کو رمی کیلئے ایک راستے سے جانے اور دوسرے سے واپس آنے کی تاکید کی جائیگی۔ دریں اثناءحرمین شریفین انتظامیہ کے چیئرمین شیخ صالح الحصین نے بیت اللہ شریف کے نائب متولی ڈاکٹر صالح الشیبی کو خانہ کعبہ کا نیا غلاف پیش کردیا ہے۔ اس موقع پر سعودی عرب کے متعدد وزراءاور عمائدین مکہ مکرمہ بھی موجود تھے۔ بیت اللہ شریف کا غلاف 9 ذی الحج جمعرات کی صبح تبدیل کیا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن