ہیضے نے ہیٹی کے دس میں سے آٹھ صوبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ دولاکھ سے زائد مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے ہسپتالوں میں گنجائش اور ادویات کی قلت جیسے مسائل سنگین ہوتے جارہے ہیں۔ اس موذی مرض کے ہاتھوں روزانہ درجنوں افراد کی ہلاکت کے بعد گزشتہ ایک ماہ میں مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار ایک سو اسّی ہو چکی ہے۔ تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ طبی سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنا کر ہلاکتوں میں کمی لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔