پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ابوظہبی میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پرانسٹھ رنزبنالئے، پاکستان کو فالو آن سے بچنے کے لئے تین سو پچاسی رنز بنانا ہونگے۔

ابوظہبی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو اظہرعلی چونتیس اور توفیق عمر سولہ رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ محمد حفیظ صرف دو رنز بنا کر ڈیل سٹین کا شکار بن گئے۔ اس سے پہلے جنوبی افریقن ٹیم کے کپتان گریم سمتھ نے ٹیم کی پہلی اننگزپانچ سو چوراسی رنزنوکھلاڑی آؤٹ پرڈکلیئرکردی۔ کیریئرکا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے تنویر احمد نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے کل کے سکور تین سو گیارہ رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو مارک باؤچر تین سو اکتالیس کے مجموعی سکور پرپینتالیس رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے، یہ تنویراحمد کی اننگزمیں پانچویں وکٹ تھی۔ جنوبی افریقہ کی نویں وکٹ چارسو ستترکے سکور پر گری اور آخری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں ایک سو سات رنزبنے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے اے بی ڈیویلیئرزنے ڈبل سنچری سکورکی اور دو سو اٹھہتررنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے تنویراحمد نے چھ اورعبدالرحمن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ای پیپر دی نیشن