لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپر سیریز ہاکی ٹورنامنٹ کل سے آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں شروع ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ میزبان آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی ۔ سپر سیریز ہاکی ٹورنامنٹ 25 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا جس کے بعد چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ یکم دسمبر سے آسٹریلیا میں ہی شروع ہوگا۔ قومی ہاکی ٹیم کے کوچ حنیف خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے اورخامیوں کو کافی حد تک دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور امید ہے قومی ٹیم پہلے سے بہترکارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ پاکستان ہاکی ٹیم محمد عمران کی قیادت میں آسٹریلیا میں دہ ٹورنامنٹس میں شرکت کے لئے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پرتھ روانہ ہو گئی۔ قومی ٹیم پرتھ میں نائن اے سائیڈ انٹرنیشنل سپر سیریز میں حصہ لے گی یہ ٹورنامنٹ 22 سے 26 نومبر تک پرتھ میں کھیلا جائیگا بعدازاں قومی ٹیم میلبورن روانہ ہو جائے گی جہاں وہ 34 ویں چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان ایم عمران نے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے سے اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں شریک کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہے تاہم مجھے اپنے کھلاڑیوں سے پوری امید ہے کہ وہ قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔ تربیتی کیمپ میں تجربہ کار ٹیم مینجمنٹ کی زیر نگرانی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ٹیم کے کوچ اجمل خان لودھی نے کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے یہ ایک بہترین ٹورنامنٹ ہے جس میں وہ اپنی اچھی کارکردگی سے نہ صرف اپنا مستقبل روشن کر سکتے ہیں بلکہ پاکستان ہاکی کے سنہری دور کو واپس لانے میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔