لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیاب ہو کر عوامی مسائل کے حل کےلئے بھرپور صلاحتیں بروئے کار لائےں گے۔ مسلم لیگ (ن) عوام کو بے روزگاری مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کےلئے فرض پورا کرےگی۔ وہ فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور وہاڑی کی ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کے ارکان سے گفتگو کر رہے تھے۔ نوازشریف نے کہا کہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے اور جھوٹے وعدے اور خواب دکھانے والوں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کمیٹیوں نے تنظیمی اور انتخابی امور پر مبنی رپورٹس پیش کیں۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر شہباز شریف اور چودھری سرور بھی موجود تھے۔ اے پی اے کے مطابق نوازشریف نے کہا ہے کہ علی بابا چالیس چوروں کو کسی صورت بھاگنے نہیں دیا جائیگا، ملک کی دولت لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ہو گا۔ عوام زرداری لیگ کو بخوبی پہچان چکے، دوبارہ دھوکے میں نہیں آئیں گے، اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرایا تو بھرپور طریقے سے عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کوششیں کی جائینگی، مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی سے عوام واقف ہیں، میری حکومت نہ گرائی جاتی تو آج پاکستان ترقی کی منازل کو چھو رہا ہوتا، سازشی عناصر نے پاکستان کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، ملک دشمنوں کو سبق سکھانا ہو گا۔ بدقسمتی سے وفاق کے حکمرانوں اور ان کے اتحادیوں نے ذاتی مفادات کے لئے سب کچھ داﺅ پر لگا دیا۔
عوام زرداری لیگ کو پہچان چکے ہیں‘ دوبارہ دھوکے میں نہیں آئیں گے: نوازشریف
Nov 21, 2012