دبئی (اے پی اے) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ملک بھر سے حصہ لونگا، الیکشن سے قبل پاکستان واپس آ کر ملک بھر میں اپنے امیدواروں کا انتخاب کرونگا، عدلیہ اور فوج کو ملکر 2 سال کیلئے ٹیکنوکریٹس حکومت بنانی چاہئے جس سے ملک کے حالات بہتر ہو سکتے ہیں، اگر مجھے بھی موقع ملا تو ضرور اس کا حصہ بنوں گا۔ اگر موقع نہ بھی ملا تو انکا ساتھ ضرور دونگا۔ مجھے امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام ووٹ کا درست انتخاب کرینگے۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ آئندہ انتخابات میں نئے چہرے حکومت میں آئینگے، عوام ان لوٹا پرستوں سے بخوبی آگاہ ہو چکے ہیں جو آئے روز پارٹیاں بدلتے ہیں، پاکستان کے مستقبل کی ڈور عوام کے پاس ہے، اگر عوام نے آئندہ انتخابات میں انہی حکمرانوں کا انتخاب کر لیا تو پاکستان کا بیڑہ غرق ہو جائے گا، اس لئے میں پاکستانی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ خدایا اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں۔ پاکستان میں اس وقت قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرانوں کا نزلہ مشرف حکومت پر نہ گرایا جائے، جب میں بھی 1999ءمیں آیا تو ملک کی معیشت تباہ ہو چکی تھی، میں نے تو کسی پر الزام نہیں لگایا، میں نے اپنے 3 سالہ دور میں ہی ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کر دیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں پرویز مشرف کا کہھنا تھا کہ پوری دنیا میں دہشت گردی کی وجہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین ہے۔ کشمیر اور فلسطین کا حل دیرپا ہونا چاہئے اور اس کیلئے اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔