اسلام آباد (ثناءنیوز) ایوان بالا کی قائد ایوان سینیٹر جہانگیر بدر کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی میں بھرتیوں کے حوالے سے بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کی شکایات کے جائزہ کے لئے ادارے سے گزشتہ 5 سالوں میں ہونے والی بھرتیوں پر رپورٹ مانگ لی ہے ۔ آج بدھ کو کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں چیئرمین پیمرا کو طلب کر لیا گیا ہے ۔ وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ کو خصوصی دعوت پر اجلاس میں بلایا گیا ہے ۔ اجلاس پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہو گا ۔ کمیٹی میں ایوان بالا کی تمام جماعتوں کے سرکردہ ارکان کو شامل کیا گیا ہے ۔ پیمرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ اتھارٹی میں 2007 ءسے 31 دسمبر 2012 ء تک ہونے والی بھرتیوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں ۔ اسی طرح تمام کیڈرز میں بھرتیوں کے سلسلے میں اتھارٹی سے صوبائی کوٹوں پر عملدرآمد کی ہر صوبے کے بارے میں الگ الگ تفصیلات طلب کی ہیں ۔