ریاست بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ذمہ داریوں سے آگاہ ہے، اجتماعی کاوشیں درکار ہیں: صدر

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کیلئے تعلیم کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ حلقوں پر زور دیا ہے کہ وہ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل کے حصول کیلئے بچوں کے تابناک مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے مل جل کر کام کریں۔ حکومت نے آئندہ نسلوں کی بہتری اور ملک کی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے بچوں اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے یہ بات عالمی یوم اطفال کے موقع پر پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ ریاست پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ اور انکی بہبود کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے تاہم اس ضمن میں معاشرے اور خاندانوں کی اجتماعی کاوشیں درکار ہیں۔ حکومت نے بچوں اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ حکومت ملک کے تمام بچوں کیلئے آسان اور قابل برداشت تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ صدر نے تمام متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ وہ بچوں کو تابناک اور بہتر مستقبل فراہم کرنے کیلئے ملکر کام کریں۔ صدر مملکت ممنون حسین  سے پاکستان میں کوریا کے چار سابق سفیروں نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اسکے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ سابق سفیر ہو جے ہی کی سربراہی میں ملاقات کرنیوالے وفد میں چن سون کیو، کیوم جونگ ہو اور شن ان شامل تھے۔ پاکستان میں کوریا کے موجودہ سفیر ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان بھی انکے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان، کوریا دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔ صدر نے کہا کہ سال 2013ء پاکستان اور کوریا کے درمیان تعلقات میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے جیسا کہ دونوں ممالک اس سال سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران تعاون کو وسعت ملی۔ پاکستان میں سابق کوریائی سفیروں نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کوریائی کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کر رہی ہیں اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ سفیروں نے یقین دلایا کہ وہ پاک کوریا دوطرفہ تعلقات کو تقویت دینے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔

ای پیپر دی نیشن