ملالہ یوسف زئی کو انسانی حقوق کیلئے یورپ کا سب سے بڑا سخاروف ایوارڈ مل گیا

ملالہ یوسف زئی کو انسانی حقوق کیلئے یورپ کا سب سے بڑا سخاروف ایوارڈ مل گیا

برسلز + سٹراسبرگ (نامہ نگار + اے ایف پی + نوائے وقت نیوز) انسانی حقوق اور لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے کوششوں کے اعتراف میں بچوں کے حقوق کے عالمی دن پر پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو یورپ کا سب سے بڑا سخاروف ایوارڈ دیا گیا۔اس حوالے سے فرانس کے شہر سٹراسبرگ میں یورپی پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس ہوا۔ پارلیمنٹ کے صدر مارٹن شلز نے ملالہ کو سخاروف ایوارڈ دیتے ہوئے کہا کہ ملالہ تم ایک عیر معمولی لڑکی، ایک نجات دہندہ اور ہیروئن ہو، تم نے لاکھوں لوگوں کو امید دلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ انتہا پسندی کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے۔ ملالہ کے والد ضیاءالدین کی ستائش کرتے ہوئے مارٹن شلز نے کہا ملالہ یوسف کو ان کے و الد نے بولنے کی آزادی دی اور لڑکیوں کی تعلیم کی انہوں نے حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر تالیوں کی گونج میں خطاب کرتے ہوئے ملالہ نے کہا کہ پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی نہیں ہے، میں اپنا مشن ہر قیمت پر جاری رکھوں گی۔ اپنا یہ ایوارڈ میں انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی لڑکیوں کے نام کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی لوگ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، دنیا کے 57 ملین بچے اب بھی سکولوں کو نہیں جاتے، کئی بچوں کے لئے پینے کا صاف پانی اور کھانا دستیاب نہیں۔ لڑکیوں کی جبری شادیاں کر دی جاتی ہیں، ان کی خرید و فروخت اور آبروریزی جیسے مظالم کی و جہ سے وہ تعلیم سے محروم رہ جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو آئی فون، ایکس باکس یا چاکلیٹ نہیں بلکہ قلم اور کتاب چاہئے۔ مختلف ممالک کی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ اپنے فوجی بجٹ گھٹا کر تعلیم پر زیادہ رقم خرچ کریں۔ یورپی یونین ان ممالک کے لئے بھی کام کرے جہاں بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے قوانین بنانے ہوں گے۔ ملالہ نے کہا کہ پاکستان صحت اور تعلیم کے میدان میں بہت پیچھے ہے، یورپی ممالک پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھائیں اور اپنے دروازے کھولیں تاکہ پاکستانی عوام بھی دنیا کے ساتھ ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکیں۔ پاکستان کے ساتھ تجارت کرنے سے وہاں تعلیم اور صحت جیسی سہولیات میسر ہوں گی۔ واضح رہے کہ تقریب میں گورنر پنجاب محمد سرور بھی موجود تھے۔ انہوں نے ملالہ اور ان کے والد کو سخاروف ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی۔ یاد رہے کہ ملالہ آندرے سخاروف ایوارڈ حاصل کرنے والی 25 ویں شخصیت اور ایشیا کی دوسری اور پاکستان کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔ ان سے پہلے یہ اعزاز نیلسن منڈیلا، آن سانگ سوکی کو بھی مل چکا ہے۔ آندرے سخاروف ایوارڈ کے ساتھ ملالہ کو 50 ہزار یورو کی انعامی رقم بھی دی گئی ہے۔آندرے سخاروف روس کے لئے ہائیڈروجن بم بنانے والے سیاستدان تھے جو بم کے تباہ کن اثرات سے خوف زدہ ہو گئے اور یہ کام چھوڑ کر انسانی حقوق کے لئے جدوجہد شروع کی جس پر 1975ءمیں انہیں نوبل انعام یا گیا، ان کے نام پر یورپی پارلیمنٹ 1988ءسے سخاروف ایوارڈ معاشرے میں نمایاں انسانی خدمات انجام دینے والوں کو دیتی ہے۔ تقریب میں موجود گورنر پنجاب نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کے خطاب سے یورپی یونین میں پاکستان کو جی ایس پلس کا درجہ دلوانے میں مدد ملے گی۔ تقریب کے شرکا نے ملالہ یوسف زئی کو ان کے خطاب کے بعد احتراماً کھڑے ہو کر خراج تحسین پیش کیا۔ملالہ یوسف زئی نے خود کو ملنے والے سخاروف پرائز کو پاکستان کے نام کر دیا۔ ایوارڈ ملنے کے بعد ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ایوارڈ ہر اس پاکستانی بچی کے نام ہے جو علم حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔
 
ملالہ / سخاروف ایوارڈ

ای پیپر دی نیشن